15 ہزار سے زائد کمپنیوں کا قیام، 80 فیصد کمپنیوں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا : کے ٹی آر
حیدرآباد۔/29 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں 7 سال میں15 ہزار سے زائد صنعتیں قائم ہوئیں اور 2.20 لاکھ کروڑ روپئے سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی جن میں 80 فیصد سے زائد کمپنیوں نے کام کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد ای سی ٹی میں انرجی سولار مینوفیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ 483 کروڑ روپئے کے گرین فیلڈ پراجکٹ کو پرمئیس انرجی کی جانب سے قائم کیا جارہا ہے۔ پرمئیس انرجی نے اعلان کیا کہ 2 سال میں سرمایہ کاری بڑھاکر 1200 کروڑ روپئے تک کردی جائے گی۔کے ٹی آر نے پی وی سیلس ماڈیولس مینوفیکچرنگ کے آغاز پر پرمئیس انرجی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ 18 ماہ میں سولار مینوفیکچرنگ پلانٹ کا آغاز کیا گیا اور 700 افراد کو روزگار فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کی فراہمی پر ترجیح دے رہی ہے اور سولار برقی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سولار برقی کی پیداوار میں سارے ملک میں ریاست تلنگانہ دوسرے مقام پر ہے۔ سرکاری شعبوں میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ خانگی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے ۔ 7 سال میں 15 ہزار سے زائد کمپنیاں تلنگانہ کا رُخ کرچکی ہیں جن میں 80 فیصد کمپنیوں نے کام کا آغاز کردیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کمپنیاں، صنعتیں اور ادارے قائم کرنے والوں کو ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ فوری منظوری دے رہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس کمپنی میں 700 افراد خدمات انجام دے رہے ہیں ان میں 90 فیصد افراد کا تلنگانہ سے تعلق ہے۔
