س89اسمبلی حلقوں میں ایم ایل اے کیمپ آفس کی تعمیرات مکمل

   

دو ماہ میں ماباقی 15حلقوں میں بھی تعمیر مکمل ہوجائیں گی، 119کروڑ روپئے کے مصارف
حیدرآباد : ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں ارکان اسمبلی کیلئے کیمپ آفس دستیاب ہورہے ہیں ۔ حکومت نے ارکان اسمبلی کو ہمیشہ عوام کیلئے دستیاب رہنے ہر حلقہ میں ایک کروڑ کے مصارف سے کیمپ آفس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ۔ سوائے حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقوں میں یہ کیمپ آفس تعمیر ہورہے ہیں ۔ ان کیلئے حکومت نے سال 2016ء میں 119 کروڑ روپئے جاری کئے تھے ۔ ان فنڈز کے ذریعہ محکمہ عمارت و شوارع سے ارکان اسمبلی کیلئے کیمپ آفس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کے 104 اسمبلی حلقوں کے ہیڈ کوارٹرس میں ایم ایل اے کیمپ آفس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ اراضی دستیاب رہنے والے 97 مراکز میں تعمیرات کا آغاز کیا گیا ۔ تاحال 89 اسمبلی حلقوں میں کیمپ آفس کی تعمیرات مکمل ہوگئی ہے جن میں چند ارکان اسمبلی کے کیمپ آفسوں کا افتتاح بھی ہوگیا ہے جس سے متعلقہ اسمبلی حلقوں کے عوام کو اپنے مسائل کے ساتھ ارکان اسمبلی سے ملاقات کرنے کا موقع مل رہا ہے ۔ ارکان اسمبلی بھی عہدیداروں کو اپنے کیمپ آفسوں کو طلب کر کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی یکسوئی کیلئے اقدامات کررہے ہیں ۔