مال برداری کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے مئی 2023 ء کے دوران مسافرین کی خدمات اور مال برداری کے شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین کے مطابق مئی 2023 ء کے دوران پاسنجر خدمات کے ذریعہ پہلی مرتبہ 500 کروڑ کے نشانہ کو عبور کرلیا گیا ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو مسافرین خدمات سے ایک ماہ میں 513.41 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ اپریل 2023 ء میں پاسنجر خدمات سے 467.82 کروڑ کی آمدنی ہوئی تھی۔ گزشتہ ماہ کے دوران سنٹرل ریلوے نے 12. 517 ملین ٹن مال برداری کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ مارچ 2023 ء میں 12.370 ملین ٹن سامان منتقل کیا گیا تھا۔ جنرل مینجر کے مطابق گزشتہ ماہ 26.11 ملین مسافرین کو منتقل کیا گیا جو گزشتہ سال ماہِ مئی کے مقابل 24 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال مئی میں 21.12 ملین مسافرین کو منتقل کیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ گرمائی تعطیلات کے پیش نظر مسافرین کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے 538 خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں جن کے ذریعہ 4.65 لاکھ مسافرین کو منتقل کیا گیا اور ریلویز کو 36.52 کروڑ کی آمدنی ہوئی۔ مال برداری میں گزشتہ ماہ 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال مئی کے مقابلہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔ ارون کمار جین نے نمایاں کارکردگی پر آپریٹنگ اور کمرشیل ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہر ماہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی اورآمدنی میں اضافہ ہوگا۔ر