شکایتوں کا حصول اور تحقیقات ، خصوصی عملہ مقرر ، وی سی سجنار کا خطاب
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) سائبر جرائم پر قابو پانے کیلئے سائبر آباد پولیس کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ایسا ہر پولیس اسٹیشن میں نہ صرف سائبر جرائم سے متعلق شکایت لی جائے گی بلکہ پولیس اسٹیشن سطح پر ان شکایتوں کی تحقیقات بھی کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں کمشنر پولیس وی سی سجنار نے ہر پولیس اسٹیشن میں سائبر سیل کو قائم کرتے ہوئے عملہ کو مختص کردیا ہے ۔ سائبر پولیس کمشنریٹ کے ہر پولیس اسٹیشن میں سائبر جرائم کی شکایتوں کے حصول اور تحقیقات کیلئے ایک سب انسپکٹر اور 4 کانسٹبل کو مقرر کیا گیا ہے جو سائبر جرائم کا جائزہ لیں گے ۔ انہیں اس اقدام کیلئے خصوصی طور پر تربیت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ سائبر جرائم پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کیلئے شہریوں میں شعور بیدار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ شعور بیداری پروگرام کامیاب انداز سے جاری ہیں۔ سائبر آباد پولیس کمشنر نے بتایا کہ سائبر دھوکہ بازوں کی غیر سماجی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے عوامی شعور بیداری سب سے بڑا ہتھیار ہے ۔ عوام کو آگاہ کیا جائے گا کہ وہ کسی بھی اجنبی پر آسانی سے بھروسہ نہ کریں ۔ زیادہ تر شکایتیں آن لائین خرید و فروخت کے دوران پیش آرہی ہیں۔ سائبر آباد پولیس کی جانب سے ہر ہفتہ ایک پولیس اسٹیشن حدود کی کالونیوں میں عوام کے درمیان پہنچ کر پولیس شعور بیداری کا کام کرے گی اور ان اجلاسوں میں ایسے شہریوں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے جو سائبر دھوکہ بازوں کا شکار ہوئے ۔ ان کے ذریعہ شہریوں کو بتایا جائے گا کہ سائبر دھوکہ باز کس طرح یقین دلاکر اپنے جعلسازی کا شکار بناتے ہیں۔
