مدن پلی پولیس انسپکٹر تمیم احمد کا عوام کو مشورہ
مدن پلی 26 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدن پلی ون ٹاؤن پولیس انسپکٹر تمیم احمد نے ایک بیان میں کہاکہ سائبر دھوکہ سے عوام چوکنا رہیں۔ آئے دن معصوم عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے بٹورے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام لاٹری کے نام سے یا روزگار کے حصول کیلئے فون کالس پر پہلے اچھی طرح جانچ کرلیں۔ اپنے او ٹی پی، اے ٹی ایم کے پن نمبر یا سی وی وی نمبر کی تفصیلات کسی کو نہ بتائیں۔ اگر فون پر بینک والوں کا حوالہ دیں تو بھی کسی کو مت بتائیں۔ ہمیشہ اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ بینک والے کبھی بھی آپ کے خفیہ تفصیلات نہیں پوچھیں گے۔ حال میں ایک آدمی کو میچول فنڈ کنسلٹنٹ پرائیوٹ لمیٹیڈ کے نام سے تجارت کے لئے قرض دینے کی درخواست پر اُس آدمی کو لاگن فیس، پراسسنگ فیس، جی ایس ٹی وغیرہ جملہ 68,016/- روپئے آن لائن ادا کرنے کو کہا گیا۔ بعد ادائیگی دھوکہ بازوں نے فون بند کردیا اور بینک تفصیلات سے پتہ چلا کہ وہ پنجاب کے جالندھر شہر کا بینک ہے اور اس میں پیسہ کچھ نہیں ہے۔ اس لئے اُنھوں نے کہاکہ دھوکہ بازوں کی باتوں میں آکر اپنی محنت کی کمائی کو برباد نہ کریں۔