سائبرآباد میں 144 کے درمیان سب انسپکٹر پولیس کے امتحان کا آغاز

   

حیدرآباد ۔ 8 اپریل ۔ ( سیاست نیوز) سائبرآباد حدود میں دفعہ 144 کے درمیان سب انسپکٹر پولیس امتحان کا آغاز ہوا ہے ۔8 اور 9اپریل کو منعقد ہونے والے ان امتحانات کے لئے پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کو عمل میں لایا گیا ہے اور امتحانی مراکز کو پولیس نے عملاً اپنے دائرے میں لیتے ہوئے دفعہ 144 کو نافذ کردیا ہے ۔ آج اس سلسلہ میں امتحانات کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے امتحان مراکز کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز پرمحکمہ جاتی طورپر سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر نے دوران ڈیوٹی لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اور عملہ کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔ سائبر آباد حدود میں سب انسپکٹر امتحانات کے 24 مراکز پائے جاتے ہیں اور (19,923) امیدواران امتحانات میں شرکت کررہے ہیں ۔