سائن بورڈ قوانین کی خلاف ورزی پر چالانات کا دوبارہ آغاز

   

بلدیہ کے انفورسمنٹ ویجلنس و ڈزاسٹر مینجمنٹ شعبہ کی جانب سے کارروائی
حیدرآباد۔ شہر میں مجلس بلدیہ کے شعبہ انفورسمنٹ ویجلنس اینڈڈزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے سائن بورڈ کے قوانین کی خلاف ورزی پر چالانات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جاچکا ہے ۔ کل 4بڑے شورومس کے خلاف ای وی ڈی ایم نے کاروائی کرکے 5.5لاکھ کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ ای وی ڈی ایم عہدیدارو ں نے مختلف علاقوں میں ان شورومس پر جی ایچ ایم سی ایکٹ 420اور421 کی خلاف ورزی پر چالانات کرکے انہیں سائن بورڈ ہٹانے کی ہدایات دیں اور ایسا نہ کرنے پر سائن بورڈ اکھاڑ دینے کا انتباہ دیا ہے۔ جن 4 مالس پر بلدیہ نے جرمانہ عائد کیا ان میں کلامندر‘ چندنا برادرس‘ کانچی پورم‘ ورا مہالکشمی کے علاوہ ون پلین شامل ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جہاں سائن بورڈس سطح زمین سے 15فیٹ اونچائی پر لگائے گئے ہیں ان کو چالانات کئے گئے ۔ کہا جارہا ہے کہ آئندہ دنوں میں اس مہم میں شدت پیدا کی جائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ای وی ڈی ایم کی کاروائیوں کے سبب معمولی سہی مگر بتدریج تبدیلی دیکھی جانے لگی ہے ۔ آئندہ دنوں میں اگر مہم میں شدت آئی تو تجارتی اداروں اور شاپنگ کامپلکس کے علاوہ ہوٹلوں کے سائن بورڈس میں یکسانیت پیدا ہونے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ای وی ڈی ایم عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں جن اداروں کی جانب سے جی ایچ ایم سی ایکٹ کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ان کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا اور نہ خلاف ورزی کی اجازت دی جائے گی۔ ای وی ڈی ایم ڈائریکٹر مسٹر وسواجیت کمپاٹی نے بتایا کہ ان تمام مشتہرین اور تجارتی اداروں کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے جو سائن بورڈ اور اشتہارات کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ اگر چالان عائد کرنے کے بعد دوبارہ وہی حرکت کی جاتی ہے تو ان اداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے بھی گریز نہیں کیا جائے گا کیونکہ بعض مقامات سے ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں۔