سائنا جوڑی ہوبارٹ انٹرنیشنل کے فائنل میں داخل

   

ہوبارٹ ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی بیٹے کی پیدائش کے بعد ٹینس میں واپسی اور کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ انہوں نے اپنی یوکرین کی ساتھی کھلاڑی ناڈیہ کیچینوک کے ہمراہ ہوبارٹ انٹرنیشنل ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ آج یہاں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلہ میں ثانیہ جوڑی نے سلوانیہ کی تمارا زیڈان سیک اور چیک جمہوریہ کی ماریہ بوک چووا کو راست سیٹوں میں 7-6(3),6-2 سے شکست دی۔ثانیہ جوڑی نے مقابلہ بھلے ہی راست سیٹوں میں اپنے نام کرلیا لیکن انہیں کامیابی کیلئے ایک گھنٹہ 24 منٹ کی سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ پہلے سیٹ میں حریف جوڑی نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سرویس برقرار رکھی جس کے بعد ثانیہ جوڑی کو سیٹ میں کامیابی کیلئے ٹائی بریک کھیلنا پڑا۔ فائنل میں ثانیہ جوڑی کا مقابلہ دوسرے درجہ کی جوڑی شائپنگ اور شویزانگ سے ہوگا۔ چینی کھلاڑیوں پر مشتمل یہ جوڑی فائنل میں اس وقت رسائی حاصل کرلی جب ان کی حریف جوڑی نے سیمی فائنل سے زخموں کی وجہ سے دستبرداری اختیار کی۔ سیمی فائنل میں ان کی حریف جوڑی بلجیم کی کرسٹن فلپکن اور الیسن بین تھی۔ پہلے سیٹ میں ثانیہ جوڑی کو سخت جدوجہد کرنی پڑی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ اس کو ایک موقع پر 6-6 سے برابرتھا۔