سائنا ورلڈ چمپئن شپ سے باہر ،سندھو کوارٹر فائنل میں

   

بیسل ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک براونز میڈلسٹ سائنا نہوال کو یہاں بی ڈبلیو ایف ورلڈ چمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں حیران کن شکست کے بعد باہر ہوچکی ہیں۔ انہیں تین گیمز پر مشتمل مقابلہ میں ڈنمارک کی میابیلچی فیلڈ کے خلاف 21-15,25-27,12-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ عالمی درجہ بندی میں بارہویں مقام پر فائز میا نے ایک گھنٹہ 12 منٹ طویل مقابلہ میں سائنا کو شکست دی۔ سائنا جنہوں نے 2015ء جکارتہ اور 2017ء گلاسگو میں منعقدہ ورلڈ چمپئن شپ میں بالترتیب سلور اور برونز میڈل حاصل کیا تھا لیکن اس مرتبہ انہیں پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں ہی شکست برداشت کرنی پڑی۔ دوسری جانب سائنا کی ہم عصر ہندوستانی کھلاڑی پی وی سندھو نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انہوں امریکہ کی بی وان ژنگ کو راست سیٹوں میں 21-14,21-6 سے شکست دی ہے۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ چینی کھلاڑی تائی ژو ینگ سے ہوگا۔