بنگلورو 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج ہندوستان کے نوجوان سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ نئی اختراعات پر توجہ دیں ‘ ان کا پیٹنٹ کروائیں ‘ ان کی پیداوار کو یقینی بنائیں اور خوشحالی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چاروں اقدامات سے ملک تیز رفتار ترقی کی سمت آگے بڑھے گا ۔ وزیر اعظم نے ہندوستانی سائینس ‘ ٹکنالوجی اور اختراع میں پیشرفت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سائینس کے کاموں میں آسانی پیدا کرنے اقدامات کئے جائیں گے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی کا موثر استعمال کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کی کہانی کا انحصار سائینس و ٹکنالوجی کے شعبہ میں ملک کی ترقی پر منحصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائینس و ٹکنالوجی ‘ اور اختراع کے شعبہ میں ہندوستان کی ترقی کو مزید آگے بڑھانے کیلئے نت نئے اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے انڈین سائینس کانگریس کے 107 ویں سشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک کے نوجوان سیاستدان اختراع ‘ پیٹنٹ ‘ پیداوار اور خوشحالی پر توجہ دیں۔ ان چار اقدامات سے ملک کی ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی ۔اس پر نوجوان سائنسدان کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
