سابق این جی اوز لیڈر اشوک بابو کے خلاف سی آئی ڈی تحقیقات

   

تعلیمی قابلیت کے غلط اندراج پر آندھرا پردیش لوک آیوکت کا فیصلہ
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش لوک آیوکت جسٹس پی لکشمن ریڈی نے اسپیشل چیف سکریٹری کمرشیل ٹیکسس کو ہدایت دی ہے کہ اے پی این جی اوز کے سابق صدر پی اشوک بابو کے خلاف سی آئی ڈی تحقیقات کا اعلان کریں۔ انہوں نے اشوک بابو کے خلاف کریمنل ایکشن کی ہدایت دی ہے۔ صدر اے پی کمرشیل ٹیکسس ایمپلائیز اسوسی ایشن بی مہر کمار کی جانب سے داخل کردہ شکایت کی سماعت کرتے ہوئے لوک آیوکت نے عبوری احکامات جاری کئے۔ درخواست میں شکایت کی گئی کہ اشوک بابو جو تلگودیشم کے رکن قانون ساز کونسل ہیں انہوں نے سرویس ریکارڈ میں غلط اندراجات کرتے ہوئے خود کو کامرس گریجویٹ ظاہر کیا ہے جبکہ انہوں نے کبھی بھی بی کام ڈگری درج اول میں حاصل نہیں کی۔ اسپیشل چیف سکریٹری کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد لوک آیوکت نے اس معاملہ کو سی آئی ڈی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ لوک آیوکت نے کہا کہ قابلیت کے بارے میں اشوک بابو کے غلط اندراجات کے حقائق کا تحقیقات سے پتہ چل پائے گا۔ جج نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں صرف تادیبی کارروائی کافی نہیں ہے بلکہ کریمنل ایکشن لیا جانا چاہیئے۔ جسٹس لکشمن ریڈی نے کارروائی کے بارے میں حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت 22 نومبر کو مقرر کی ہے۔R