کے سی آر پر تنقید، مزید کئی قائدین کی شمولیت کا اشارہ، کانگریس جلد خالی ہوگی: لکشمن
حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے بزرگ قائد آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے فرزند سابق رکن پارلیمنٹ پیدا پلی جی ویویک نے آخرکار بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے آج نئی دہلی میں بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو اور تلنگانہ کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ ویویک نے امیت شاہ سے ملاقات کی۔ ویویک نے امیت شاہ کو بتایا کہ ان کے علاوہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کئی دانشور اور قائدین بہت جلد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ امیت شاہ نے پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام میں وہ اہم رول ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کے لیے بی جے پی نے دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے دلت اور گریجن سماج کے قائدین پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بی جے پی میں شمولیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویویک نے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر آمرانہ انداز میں حکمرانی کررہے ہیں۔ بی جے پی آنے والے دنوں میں انہیں سبق سکھائے گی۔ ویویک نے کہا کہ تلنگانہ میں کرپشن اور بدعنوانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ چیف منسٹر نے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ گزشتہ پانچ برسوں میں وعدوں کی تکمیل کے بجائے دوسری میعاد میں مزید نئے وعدے کیے گئے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت عوام کو امید تھی کہ سنہرے دور کا آغاز ہوگا۔ لیکن عوام کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنے فرزند کو چیف منسٹر کے عہدے پر فائز کرنے کے لیے تمام تر توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں سابق میں پدا پلی لوک سبھا حلقے سے ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ لیکن وعدے سے انحراف کیا گیا۔ ویویک نے کہا کہ کے سی آر پارٹی میں موجود تلنگانہ تحریک کے مضبوط قائدین کو نظرانداز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے مزید کئی قائدین بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے کہا کہ وہ ویویک کا بی جے پی میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کی خواہشات اور امیدوں کو مایوسی میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ویویک کی شمولیت سے تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہو گی۔ ویویک نے کہا کہ نریندر مودی کی حکمرانی سے متاثر ہوکر وہ بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنا اور جمہوری تلنگانہ کی تشکیل ان کا مقصد ہے۔ صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ویویک کی شمولیت سے پارٹی تلنگانہ میں مستحکم ہوگی۔ انہیں پارٹی میں مناسب مقام دیا جائے گا۔ لکشمن نے کہا کہ بہت جلد کانگریس پارٹی قائدین سے خالی ہوجائے گی کیوں کہ کئی اہم قائدین ان سے ربط میں ہیں۔
