سابق سربراہ ’موساد‘ کی کمپنی یو اے ای میں سرگرم دبئی : اسرائیلی سائبر سیکوریٹی کمپنی

   

XM Cyber

جسے سابق سربراہ موساد سمیر پاردو نے شریک بانی کی حیثیت سے قائم کیا، خلیج فارس میں وہ پہلی بار داخل ہوچکی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس کمپنی نے یو اے ای میں بھی اپنے آپریشنس شروع کردیئے ہیں۔ اسٹارٹ اپ کے طور پر شروع کردہ کمپنی خطہ کے گیس، آئیل اور فینانشیل انفراسٹرکچر کے تحفظ کیلئے سائبر سیکوریٹی پراڈکٹ فروخت کررہی ہے۔ گزشتہ ماہ اسرائیل اور خلیجی مملکتوں یو اے ای اور بحرین کے درمیان تعلقات کو معمول پر لاتے ہوئے ابراہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے تھے۔ اس کے بعد ایکس ایم سائبر نے دبئی میں قائم اسپائر سلیوشنس کے ساتھ تعاون کے معاہدہ پر دستخط کئے۔ اسپائر سلیوشنس کی قیادت ہندوستانی ماہرین کررہے ہیں جو چیک پوائنٹ سافٹ ویر ٹیکنالوجیز لمیٹیڈ کے نمائندہ بھی ہیں۔ ایکس ایم سائبر نے رافیل کی سربراہی والے ایک کنسورشیم کے حصہ کے طور پر دبئی میں بھی اپنا کام کاج شروع کیا ہے جس کے ذریعہ نیشنل انفراسٹرکچر کا تحفظ کیا جائے گا جیسے گیس ریگس، تیل کے کنویں، بندرگاہیں اور ایرپورٹس۔ اس اتحاد کا مقصد اسرائیلی کمپنیوں اور حکومت یو اے ای کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے معاملتوں کو فروغ دینا ہے جس کے نتیجہ میں ہر اسرائیلی کمپنی کو انفرادی طور پر مذاکرات منعقد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ رافیل ابتدائی امور انجام دے گا۔ اس معاملت سے واقف قریبی ذریعہ نے کہا کہ یو اے ای کے علاوہ یہ کنسورشیم خلیج کے دیگر سرکاری شعبوں کے ساتھ بھی کام کرے گا۔