سابق وزیر سکھدا مشرا کا نام ووٹر لسٹ سے غائب ،تحقیقات کا حکم

   

Ferty9 Clinic

اٹاوہ: اتر پردیش کے اٹاوہ ضلع میں ضلع انتظامیہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی لیڈر اور سابق وزیر سکھدا مشرا کا نام ووٹر لسٹ سے کٹنے کے معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے ۔اٹاوہ کے ضلع مجسٹریٹ اونیش رائے نے آج یہاں بتایا کہ ان کے علم میں لایا گیا ہے کہ سابق وزیر سکھدا مشرا کا نام بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹر لسٹ سے کسی طرح غائب ہوگیا ہے ۔ ڈپٹی کلکٹر اٹاوہ وکرم سنگھ راگھو کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ تفتیش میں بی ایل او کے کردار کی درست جانچ پڑتال کی جائے گی اگر بی ایل او کا کردارووٹ کٹنے کے عمل میں پایا جاتا ہے تو بی ایل او کے خلاف معطلی جیسی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اٹاوہ کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وکرم سنگھ راگھو نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ کے حکم کے مطابق سابق وزیر سکھدا مشرا کا نام ووٹر لسٹ سے غائب ہونے کے معاملے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ تحقیقاتی عمل کے دوران یہ دیکھا اور سمجھا جائے گا کہ آیا سابق وزیر کا نام گزشتہ باڈی الیکشن کے وقت ووٹر لسٹ میں تھا یا نہیں۔ اگر سابق وزیر کا نام گزشتہ بلدیاتی انتخابات کے وقت ووٹر لسٹ میں پایا گیا تو بی ایل او کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ معطلی جیسی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔