سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی کو تلخ تجربہ

,

   

Ferty9 Clinic

… …… … ترے کوچہ سے ہم نکلے
پرگتی بھون میں داخلہ سے روک دیا گیا، گورنر کی وداعی تقریب میں شرکت سے محروم
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق ڈپٹی اسپیکر و رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کو آج خود اپنی پارٹی میں توہین آمیز رویہ کا سامنا کرنا پڑا جس سے وہ سکتہ میں آگئیں۔ پرگتی بھون میں آج چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے سبکدوش گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے اعزاز میں وداعی لنچ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام میں وزراء اور عہدیداروں کو شرکت کی اجازت تھی تاہم اس پابندی سے لاعلم سابق ڈپٹی اسپیکر و رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی پہنچ گئیں جہاں عہدیداروں نے انہیں روک دیا اور کہا کہ ارکان اسمبلی کو شرکت کی اجازت نہیں ہے۔ پدما دیویندر ریڈی سیکورٹی حکام کے رویہ سے حیرت میں پڑ گئیں اور یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ نہ صرف رکن اسمبلی بلکہ سابق ڈپٹی اسپیکر ہیں تاہم عہدیدار کچھ بھی سننے تیار نہیں تھے۔ اسی دوران وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو اپنے فرزند ٹی سائی کرن کے ساتھ پرگتی بھون پہنچے اور سیکورٹی حکام نے سائی کرن کو داخلہ کی اجازت دے دی۔ پدما دیویندر ریڈی کو حیرت ہوئی کہ سابق ڈپٹی اسپیکر سے زیادہ وزیر کے فرزند کو ترجیح دی گئی ۔ پدما دیویندر ریڈی کچھ دیر وہاں ٹھہری رہیں تاہم عہدیداروں نے مشورہ دیا کہ وہ چلی جائیں جس کے بعد وہ مایوسی میں واپس لوٹ گئیں۔ واضح رہے کہ پدما دیویندر ریڈی کا شمار کے سی آر خاندان کے قریبی افراد میں ہوتا ہے لیکن آج انہیں سیکورٹی رویہ سے تکلیف پہنچی ۔ ان کے حامیوں کا کہنا تھا کہ کم از کم سابق ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے انہیں شرکت کی اجازت دی جانی چاہیئے تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ارکان اسمبلی نے پہلے ہی شرکت کے بارے میں معلومات حاصل کرلی تھی اور وہ پرگتی بھون نہیں پہنچے۔ پرگتی بھون پہنچنے والے افراد کے نام مدعوئین کی فہرست میں دیکھنے کے بعد عہدیدار اجازت دے رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء کو ارکان خاندان کے ساتھ شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ ان کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار بھی تقریب میں شریک تھے۔ پارٹی حلقوں کو اندیشہ ہے کہ سابق وزیر ٹی ہریش راؤ سے قربت کے نتیجہ میں پدما دیویندر ریڈی کو سابق ڈپٹی اسپیکر ہونے کے باوجود مدعوئین میں شامل نہیں کیا گیا۔