سابق گورنمنٹ وہپ کے سرکاری کوارٹرس کو جبراً خالی کرایا گیا

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس سے انحراف کرنے والے سابق گورنمنٹ وہپ این اوڈیلو کی قیامگاہ کو عہدیداروں نے آج جبراً خالی کرادیا۔ منسٹرس کوارٹرس میں اوڈیلو کو رہائش کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس وقت وہ ٹی آر ایس میں شامل تھے۔ سابق رکن اسمبلی این اوڈیلو اسمبلی میں گورنمنٹ وہپ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس وقت انہیں سرکاری رہائش گاہ منسٹرس کوارٹرس میں الاٹ کی گئی تھی۔ اوڈیلو نے حال ہی میں اپنی اہلیہ ضلع پریشد چیرپرسن بھاگیہ لکشمی کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد انہیں کوارٹرس خالی کرنے کی نوٹس دی گئی۔ نوٹس پر عمل آوری میں تاخیر پر سرکاری عہدیدار آج ان کے کوارٹرس پہنچے اور جبرا مکان خالی کرایا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے کارکنوں نے بھی اوڈیلو کے خلاف نعرہ بازی کی۔ سابق رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس میں شمولیت پر ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے جبراً کوارٹرس کے تخلیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ر