ساتھیوں کے حملہ میں زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک

   

نظام آباد میں قدیم مخاصمت کے سبب واقعہ ، حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے صدر ضلع جمعیت العلماء حافظ محمد لئیق کا مطالبہ

نظام آباد ۔منڈل کے گنجلی موضع کے ساکن محمد عارف پر قدیم مخاصمت کے باعث اکبر اور اس کی گیانگ کے کئی افراد نے اغواء کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا موت وزیست کی عالم میں پڑے ہوئے محمد عارف کے چچا عبدالکریم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قدیم مخاصمت کے باعث اکبر جو ملارام موضع نندی پیٹ کا ساکن ہے اس کے ساتھیوں نے دو دن قبل منصوبہ بند انداز میں عارف کا اغواء کیا انہوں نے بتایا کہ عارف نماز پڑھ کر گھر واپس لوٹ رہا تھا کہ اکبر اس کے پاس پہنچا اور بات چیت کرنے کے بہانے اپنے ہمراہ لے گیا محمد عارف کو شدیدزد و کوب کیا گیا اور سڑک پر پھینکتے ہوئے فون پر یہ اطلاع دی گئی کہ عارف کو بچانا ہے تو دو منٹ میں مقام واردات پر پہنچے عبدالکریم نے موقع واردات پر پہنچ کر شدید زخمی حالت میں پڑے ہوئے محمد عارف کو نظام آباد ضلع سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت کو انتہائی تشویشناک بتاتے ہوئے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ محمد عارف دو دن سے موت و زیست کی حالت میں گھر میں پڑا ہوا ہے کیونکہ یہ لوگ غریب ہے دواخانہ منتقل کرنے کیلئے ایمبولنس اور دوسری سہولت کیلئے مالی طور پر اہل نہیں ہے ۔ حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء کو اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر وہ آج زخمی نوجوان کے گھر پہنچ گئے جہاں پر اس کے والد اور رشتہ دار آہ و بکاہ کررہے تھے ۔حافظ محمد لئیق خان نے موت و زیست کی حالت میں پڑے ہوئے محمد عارف کو حیدرآباد دواخانہ منتقل کرنے کے انتظامات کئے انہوں نے وہیں پر اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر حافظ محمد لئیق خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوانوں میں گیانگ اور قتل ، جھگڑے کے واقعات میں اضافہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان طبقہ کو مشورہ دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں آپسی جھگڑے نہ کریں مستقبل کو سنواریں والدین اور قوم و ملت کے کام آئیں آپسی جھگڑوں سے پولیس اسٹیشن ، جیل اور عدالت کے چکر لگانے میں مستقبل برباد ہوجاتا ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمرا ہ حافظ اصغر ، حافظ شیخ ذاکر موجود تھے ۔