چار اضلاع نلگنڈہ ‘ سنگاریڈی ‘ کھمم اور گدوال میں معمول سے کم برسات : محکمہ موسمیات
حیدرآباد 10 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست تلنگانہ میں جاریہ مانسون اب تک معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوگئی ہے تاہم چار اضلاع ایسے ہیں جہاں بارش معمول سے کم ہوئی ہے ۔ اضلاع نلگنڈہ ‘ سنگا ریڈی ‘ کھمم اور جوگولامبا گدوال میں معمول سے کم بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ ڈائرکٹر موسمیات نے مطلع کیا کہ تلنگانہ میںتقریبا کئی مقامات پر معمول سے چھ فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سب سے زیادہ بارش ورنگل میں ہوئی جہاں معمول سے 39 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ راجنا سرسلہ میں معمول سے 21 فیصد زیادہ اور کمارم بھیم کے علاوہ کریمنگر ضلع میں 36 فیصد زائد ‘ جگتیال میں 26 فیصد اور جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں 23 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 31 کے منجملہ 25 اضلاع میں معمول کے مطابق یا اس سے زایدہ بارش ہوئی ہے ۔ چار اضلاع ایسے ہیں جہاں بارش معمول سے کم ہوئی ہے ۔ نلگنڈہ میں معمول سے 42 فیصد کم بارش ہوئی ہے جبکہ سنگاریڈی میں معمول سے 22 فیصد کم ‘ کھمم میں 21 فیصد کم اور گدوال میں 31 فیصد کم بارش ہوئی ہے ۔ آندھرا پردیش میں مشرقی گوداوری ضلع میں معمول سے 47 فیصد زائد بارش ہوئی ہے جبکہ مابقی ساحلی آندھرا پردیش میں جاریہ موسم میں معمول سے 4 فیصد زائد بارش ہوئی ہے ۔ رائلسیما میں بارش معمول سے کم ہوئی ہے جو 31 فیصد کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو مغربی مدھیہ پردیش میں جو ہوا کے دباو میں کمی کی صورتحال تھی وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کمزور ہوجائے گی ۔ امکان ہے کہ تلنگانہ اور ساحلی آندھرا پردیش کے علاوہ رائلسیما میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ 14 اگسٹ تک تلنگانہ میں کچھ مقامات پر اور ساحلی آندھرا و رائلسیما میں بھی کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش یا تیز ہواوں کا امکان ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 32 ڈگری سلسئیس اور اقل ترین 24 ڈگری سلسئیس رہنے کا امکان ہے ۔
