شمس آباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حیدرآباد سال 2030-31 تک 50 ملین مسافرین کی آمد و رفت تک پہنچ جائے گا ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر پردیپ پنیکر نے کہا کہ جاریہ سال میں شمس آباد ایرپورٹ میں مسافرین کی آمد و رفت 29 ملین تک ہے جو 2030-31 تک بڑھ کر 50 ملین تک پہنچ جائے گی ۔ مسافرین کی آمد و رفت کو دیکھتے ہوئے ہمیں یقین ہے کہ ہم 31 مارچ 2031 تک 50 ملین مسافرین کے نشانہ کو عبور کریں گے ۔ 2008 میں 1.2 کروڑ مسافروں کی گنجائش کے لحاظ سے تعمیر کیا گیا تھا ۔ 2023 کے مقابلے پچھلے سال ہوائی اڈے پر 36 لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے ۔ سی ای او نے کہا کہ کارگو ٹرمنل کی بھی توسیع کی جارہی ہے جس کے لیے 370 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی ۔ نئے ٹرمنل سے سالانہ چار لاکھ ٹن تک کارگو درآمد و برآمد کرسکتا ہے ۔ نیا ٹرمنل مئی کے آخری ہفتہ تک مکمل ہونے کی امید ہے اور جون یا جولائی میں نئے کارگو ٹرمنل کا آغاز ہوجائے گا ۔ سی ای او نے کہا کہ حیدرآباد ایرپورٹ پر فی گھنٹہ تقریبا 35 فلائٹس آتی ہیں ۔ ش
حیدرآباد ایرپورٹ رن وے 42 فلائٹس کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2023-24 کی مجموعی آپریٹنگ آمدنی 2700 کروڑ روپئے سے زیادہ تھی اور مسافروں کی آمد و رفت میں اضافے کے پیش نظر آنے والے برسوں میں 10 فیصد کا اضافہ ہوگا ۔ تاہم 65 تا 70 فیصد آمدنی ایروناٹیکل سائیڈ سے آرہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ 2024-25 میں 1.80 لاکھ ٹن کارگو لے جایا جائے گا۔۔ش