سال 2050 تک ہر آٹھواں شخص ذیابیطس کا مریض ہوگا:تحقیق

   

نئی دہلی ؍ لندن: ایک جامع اور طویل تحقیق کے بعد ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ آئندہ 25 سال میں دنیا بھر میں ذیابیطس کی شرح دگنی ہوجائے گی اور سال 2050 تک دنیا کا ہر آٹھواں شخص اس کا شکار ہوگا۔ طبی جریدے ‘دی لینسٹر’ میں شائع طویل تحقیق کے مطابق ماہرین نے سلسلہ وار مضامین اور جائزوں کے بعد اندازہ لگایا ہے کہ 2050 تک دنیا میں ایک ارب 30 کروڑ افراد ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار ہوں گے ۔تحقیق میں بتایا گیا کہ دو سال پہلے یعنی 2021 تک دنیا بھر میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کے مریضوں کی مجموعی تعداد محض 53 کروڑ تھی جو اگلے 27 سالوں میں بڑھ کر ایک ارب 30 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حیران کن طور پر ذیابیطس پوری دنیا میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور نوجوان افراد یعنی 40 سال کی عمر کے لوگ بھی اس کا شکار بن رہے ہیں۔