حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس نے نئے سال کے موقع پر ڈرگس کی فروخت کی منصوبہ بندی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے گانجہ ، حشیش اور دیگر ڈرگس سے مربوط اشیاء کو ضبط کرلیا جن کی مالیت 10 لاکھ 18 ہزار روپئے بتائی جاتی ہے۔ ایس ماریڈ پلی کے ایک فلیٹ پر دھاوا کرتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی ۔ گرفتار شدگان کی شناخت 32 سالہ نکھل شنائے ، 20 سالہ فیض نیواتی اور 31 سالہ مہروز خاں کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ان تمام کا تعلق سکندرآباد سے ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس رادھا کرشنا راؤ نے بتایا کہ نکھل نے ڈرگس کے شکار افراد کے شناخت اور انہیں فروخت کرنے کیلئے فیض اور مہروز کی خدمات حاصل کی تھی ۔ آندھراپردیش ، گوا اور دیگر مقامات سے ڈرگس حاصل کی جاتی تھی۔ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے انجوت سنگھ اور لالہ گوڑہ کے فیصل عرف عثمان کے علاوہ عادل آباد سے تعلق رکھنے والے گووند سے منشیات کی خریدی کی جارہی تھی ۔ اس گروہ نے 300 تا 400 فیصد منافع کمایا ہے۔ نئے سال کی تقاریب کے موقع پر ڈرگس فروخت کرنے کی تیاری کی گئی تھی۔