اکولہ (مہاراشٹرا) ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوتوا کے نظریہ ساز وی ڈی ساورکر کی قدریں تعمیر قوم کے لئے اساس کی مانند ہیں۔ ان کے ریما رکس ایک روز بعد سامنے آئے ہیں جبکہ بی جے پی نے ساورکر کیلئے بھارت رتن کے اعزاز کا مطالبہ کیا ہے۔ ساورکر سنگھ پریوار میں ہندوتوا کے بلند قامت قائدین میں سے ہیں، بی جے پی نے مطالبہ کیا ہے کہ 21 ا کتوبر کے مہاراشٹرا چناؤ کے لئے پارٹی کے منشور میں ساورکر کو بھارت رتن کا موضوع شامل کیا جائے۔ ریاست کے ضلع اکولہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے افسوس ظاہر کیا کہ ساورکر کو بھارت رتن سے محروم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساورکر کے سنسکار کے سبب ہی ہم قوم پرستی کو تعمیر قوم کے لئے اساس مانتے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں کو بے شرم کہتے ہوئے وزیراعظم نے ان پر سخت تنقید کی کہ وہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے مسئلہ پر اعتراض کر رہے ہیں۔