مہاراشٹرا کے اعلیٰ سطحی وفد کی نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مہاراشٹرا میں کونکن بیمبو اینڈ کین ڈیولپمنٹ سنٹر کے ڈائرکٹر، سنٹر فار انڈین بیمبو ریسورس اینڈ ٹکنالوجی کے ڈائرکٹر سنجیو ایس کاروا کی قیادت میں وفد نے تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدر نشین بی ونود کمار سے حیدرآباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مہاراشٹرا ، گوا اور کرناٹک میں بیمبو کی پیداوار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرناٹک ، گوا کے سرحدی علاقہ کوڈال میں 15000 ایکر پر کسان بیمبو کی کاشت کررہے ہیں۔ فی ایکر ایک لاکھ روپئے کی آمدنی حاصل ہورہی ہے۔ وفد نے ونود کمار کو گوا کے دورہ کی دعوت دی تاکہ بیمبو کی پیداوار کا مشاہدہ کرسکیں۔ ونود کمار نے اس دعوت کو قبول کرلیا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ تلنگانہ میں بیمبو کی کاشت کیلئے سازگار ماحول ہے۔ یہاں کے کسان بیمبو کی پیداوار میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔ تلنگانہ میں بھدراچلم آئی ٹی سی، کاغذ نگر میں جے کے پیپر مل، ورنگل کے کملا پور میں واقع صنعت نے بیمبو پر مبنی پیداوار میں اضافہ کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیمبو کے استعمال کے ذریعہ ساگوان کے متبادل کے طور پر فرنیچر، دروازے، کھڑکیاں، فلورنگ اور دوسری اشیاء تیار کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر اسٹیٹ ہارٹیکلچر کمشنر وینکٹ رام ریڈی، ڈپٹی ڈائرکٹر بابو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔