حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ رورل پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پولیس مسٹر سیدا بابو کو رشوت ستانی اور ڈیوٹی سے مبینہ طور پر غفلت و لاپرواہی برتنے کی شکایات پر خدمات سے معطل کردیا گیا اور گزشتہ دن سب انسپکٹر پولیس کو احکامات معطلی حوالے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مریال گوڑہ رورل پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر پولیس مسٹر سیدا بابو کے خلاف مختلف کرپشن کے الزامات کے علاوہ پولیس اسٹیشن میں کیسیس درج کرنے میں مبینہ غفلت و لاپرواہی برتنے کے علاوہ کسیس درج کرنے سے گریز کرنے کے ساتھ ساتھ اور بھی کئی شکایات پائی جارہی تھیں۔لہذا ان شکایات کی روشنی میں سب انسپکٹر پولیس سیدا بابو کے کال ڈاٹا اور دیگر شکایات کی مکمل تحقیقات کروانے کے بعد ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر رنگاناتھ نے سب انسپکٹر پولیس سیدابابو کو خدمات سے معطل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد اسٹیج کو رپورٹ پیش کی ۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی جانب سے کی گئی سفارش کی بنیاد پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج مسٹر شیوا شنکر ریڈی نے سب انسپکٹر پولیس مریال گوڑہ رورل پولیس اسٹیشن سیدابابو کو خدمات سے معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ اس طرح جاری کردہ احکامات سیدابابو کے حوالہ کئے گئے۔