ممبئی ۔ سابق کرکٹر پراوین کمار نے کہا ہے کہ میں وہ واحد شخص نہیں جس نے شراب نوشی کی بلکہ کئی دیگر کھلاڑی بھی شراب پیتے ہیں۔ نیوز چینل انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران پراوین کمار نے شراب پینے کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس مسئلے کو باربار ضرورت سے زیادہ اچھالا جاتا ہے۔ کسی کا نام لیے بغیر انہوں نے الزام لگایا کہ ایک مخصوص شخص نے شراب نوشی کی وجہ سے ان کو بدنام کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جب میں نے ٹیم میں شمولیت اختیار کی تو چند سینئرکھلاڑیوں نے مجھے شراب نوشی ترک کرنے اورکچھ دوسری چیزوں سے پرہیز کرنے کو کہا، تاہم سب نے شراب نوشی کی لیکن پھر بھی صرف میرا نام بدنام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سینئرکھلاڑیوں نے ہمارے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا لیکن وہاں کوئی ایسا موجود تھا جس نے میرے نام کو خراب کیا، میں اس فرد کا نام نہیں لینا چاہتا لیکن سب جانتے ہیں کہ میری ساکھ کس نے خراب کی ہے۔