حیدرآباد : /7 ستمبر (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) عہدیداروں نے بالانگر کے سب رجسٹرار اور ایک ڈاکیومنٹ رائٹر کو رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ شریف ساکن بورہ بنڈہ نے اپنے دوست مسعود علی سے ملگی خریدی تھی اور اس سلسلہ میں جائیداد کے رجسٹریشن کیلئے سب رجسٹرار آفس بالانگر ضلع میڑچل ملکاجگری سے رجوع ہوئے تھے ۔ وہاں کے سب رجسٹرار نظام الدین نے رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کرنے کیلئے مبینہ طور پر 75 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا جس پر شیخ شریف نے اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت کی تھی اور بیورو کے عہدیداروں نے نظام الدین کو اُس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ وہاں کے مقامی ڈاکیومنٹ رائٹر ضیاء الدین کی مدد سے رشوت حاصل کررہے تھے ۔ B
