ٹرمنل محفوظ ۔حوثیوں کی کارروائی ۔ یہودی فضائی دفاع مکمل ناکام۔ 8 افراد زخمی
تل ابیب ۔ حوثی باغیوں نے آج اسرائیل پر ایک بیالسٹک میزائیل داغا جو بین گورین ائرپورٹ کے ٹرمنل 3 سے محض 75 میٹر کے فاصلے پر آگرا ۔ اس کے نتیجہ میں وہاں تقریبا پچیس فیٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ۔ اس ائرپورٹ پر میزائیل حملے کے بعد خدمات کو کچھ دیر کیلئے معطل کردیا گیا تھا ۔ کچھ ممالک کی پروازوں نے یا تو پرواز منسوخ کردی یا ان کا رخم وڑ دیا گیا ۔ بین گورین ائرپورٹ اسرائیل کا سب سے بڑا انٹرنیشنل ائرپورٹ ہے اور حوثی باغیوں کا میزائیل اسرائیل کی چار پرتی فضائی سکیوریٹی کو چکمہ دینے میں کامیاب رہا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ علاقہ اسرائیل کا سب سے زیادہ حساس سمجھا جاتا ہے ۔ اسرائیلی دفاعی افواج نے کہا کہ اس میزائیل کو ہوا میں ناکارہ بنانے کی کئی کوششیں ناکام رہیں اور پھر میزائیل ائرپورٹ کے قریب آ گرا ۔ میزائیل گرنے کے بعد گہرا دھواں چھا گیا تھا تاہم ائرپورٹ ٹرمنل پر راست نقصان نہیں ہوسکا ۔ تاہم ٹرمنل بلڈنگ کے مسافرین میں خوف کی لہر پیدا ہوگئی تھی ۔ اسرائیل کی قومی ایمرجنسی خدمات نے بتایا کہا س حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فوج نے اس حملے کے بعد کا ایک ویڈیو جاری کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عہدیدار گڑھے کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ضلع پولیس سربراہ یائر ہزرونی بھی ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ٹھیک پیچھے بڑا گڑھا پڑ گیا ہے جو کئی میٹر گہرا ہے ۔ اس دوران حکام کی جانب سے یہ تحقیقات شروع رکدی گئی ہیں کہ اسرائیل کے فضائی دفاع میں کس طرح سے ناکامی ہوئی ۔ اس کے علاوہ ملک کے سب سے حساس علاقہ میں میزائیل حملے کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ میزائیل حملے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی ہمیں نقصان پہونچائے گا ہم اس کا سات گنا جواب دیں گے ۔ حوثی قائدین نے اس حملے کو طویل فاصلے تک وار کرنے کی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ قرار دیا ہے ۔