کیرالا حکومت پر کانگریس اور بی جے پی کی تنقید
تھرواننتاپورم ۔2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سبری ملاکے لارڈ ایپا مندر میں 40سال کی عمر کی دو عورتوں کے داخلے کے بعد کیرالا میں اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی نے سی پی آئی ( ایم) زیر قیادت ایل ڈی ایف حکومت اور چیف منسٹر پنارائے وجئین کی سخت مذمت کی ۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رمیش چنیتلہ نے کہا کہ مندر میں ان عورتوں کے داخلے سے بھکتوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ، جس سے اس مندر میں جہاں روایتی طور پر عورتوں کا داخلہ ممنوع ہے انہیں اندر پہنچانے چیف منسٹر کی ضد اور ہٹ کا اظہار ہوتا ہے ۔ چنیتلہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ خواتین کی دیوار ‘‘ بنائے جانے کے باوجود ان دونوں عورتوں کو کس نے اندر پہنچایا تھا ۔ یہ عورتیں ڈسمبر میں اپنی پہلی کوشش ناکام ہونے کے بعد داخلہ کیلئے بارہا کوششوں میں مصروف رہی تھیں ۔ یہ واضح ہوگیا ہے کہ پولیس تحفظ میں ان دونوں عورتوں کو مندر کے اندر پہنچایا گیا اور پولیس نے چیف منسٹر کی ہدایت پر کام کیا ہے ۔ یہ دراصل چیف منسٹر کی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ کا نتیجہ ہے ۔