حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر۔/22 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کی عوامی حکومت کسانوں کے ساتھ ان کی فلا ح کیلئے کھڑی ہے۔ یہ وضاحت مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کی، وہ آج مستقر محبوب نگر کے ودیوت بھون میں 20 کسانوں کو ان کی زرعی ضروریات کی تکمیل کیلئے سبسیڈی کے ذریعہ ٹرانسفارمر تقسیم کررہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانی تبھی بہتر ہوسکتی ہے جب کسان محفوظ رہیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری عوامی حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے دیگر کسانوں کو اطمینان دلایا کہ آج 20 کسانوں میں ٹرانسفارمر تقسیم کئے جارہے ہیں بہت جلد دوسرے کسانوں کو بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گنڈیالا ( ہنواڑہ منڈل ) میں 132kv سب اسٹیشن کو منظوری دی گئی ہے۔ اس موقع پر ایس ای محبوب نگر سرکل رمیش، لائبریریز چیرمین نرسمہا ریڈی، کانگریس قائد سراج قادری، وی مہیندر، سدھاکر ریڈی، وینکٹادری، راجو گوڑ، رام چندریا، عوامی قائدین، برقی عہدیداران اور کسانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔