شمس آباد 30 جون (سیاست نیوز) سبیتا اندرا ریڈی مہیشورم بی آر ایس رکن اسمبلی بہت جلد کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتی ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی جنھوں نے 2019 ء میں کانگریس پارٹی کو خیرباد کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور وزیر تعلیم کے عہدہ پر فائز تھیں، 2023 ء میں بی آر ایس کی ناکامی کے بعد سے افواہ تھی کہ وہ کانگریس میں شامل ہوسکتی ہیں لیکن دوبارہ اب سوشل میڈیا پر افواہ گشت کررہی ہے کہ وہ اپنے فرزند کارتک ریڈی کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کررہی ہیں۔ کانگریس ہائی کمان اور سبیتا اندرا ریڈی کے درمیان بات چیت مکمل ہوچکی ہے اور انھیں وزارت میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے اور ان کے فرزند کارتک ریڈی کو نامزد عہدہ دیا جائے گا۔ کے سی آر اور کے ٹی آر مسلسل بی آر ایس ارکان اسمبلی کو پارٹی میں برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ہوتی جارہی ہیں۔