سبیتا اندرا ریڈی کے انحراف سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں

   

رنگا ریڈی میں وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام، وشویشور ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 11۔ مارچ (سیاست نیوز) چیوڑلہ کے رکن پارلیمنٹ کونڈہ وشویشور ریڈی نے کہا کہ سبیتا اندرا ریڈی کے کانگریس سے انحراف کی صورت میں پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ سبیتا اندرا ریڈی کو کانگریس میں جو مقام اور عزت ملی ہے وہ ٹی آر ایس میں نہیں مل سکتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سبیتا اندرا ریڈی انحراف سے متعلق اطلاعات کو غلط ثابت کرتے ہوئے کانگریس میں برقرار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیلئے ٹی آر ایس پارٹی کو امیدوار نہیں مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا جو بھی امیدوار ہوگا ان کا مقابلہ کے سی آر اور کے ٹی آر سے رہے گا ۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ متحدہ رنگا ریڈی سے کی ترقی کیلئے ان کی مساعی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نے رنگا ریڈی ضلع سے جو وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ رنگا ریڈی کو آج تک پینے کا پانی سربراہ نہیں کیا گیا جبکہ پراناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ سے سربراہی کا وعدہ تھا ۔ رنگا ریڈی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے ۔ برخلاف اس کے یہاں کے ملازمین کا دیگر اضلاع تبادلہ کیا گیا ۔ ٹی آر ایس دور حکومت میں رنگا ریڈی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف کل 12 مارچ کو وقار آباد میں 9 گھنٹے طویل بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔