سجاتا دوباک کی پہلی خاتون رکن اسمبلی ہونگی

   

ٹی ہریش راو کا دعوی ۔ دوباک میں انتخابی مہم میں شدت
سدی پیٹ ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راو نے آج کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ٹی آر ایس امیدوار ایس سجاتا دوباک حلقہ کی پہلی خاتون رکن اسمبلی ہونگی ۔ انہوں نے دوباک میں عوام کے رجحان کا اندازہ کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی رکن اسمبلی ایس راما لنگا ریڈی نے مختلف ترقیاتی کاموں کے ذریعہ حلقہ کی صورتحال ہی بدل دی تھی ۔ دوباک حلقہ اسمبلی میں شدت کے ساتھ انتخابی مہم چلاتے ہوئے ہریش راو نے عوام سے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی تائید کے مقصد سے ایس سجاتا کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری اراضیات پر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے گئے ہیں اور اب جلدی ہی اپنے ہی مکانات میں ڈبل بیڈ روم مکان تعمیر کرنے فنڈم جاری کئے جائیں گے ۔ اس کے ذریعہ کئی بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ مختلف ترقیاتی اسکیمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان پروگراموں کے نتیجہ میں عوام کی زندگیاں بدل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کے عہدیداروں کی جانب سے پٹہ دار پاسک بک ‘ پہانی وغیرہ کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے تلنگانہ میںغریب عوام کو دئے جانے والے وظیفوں میں بڑا حصہ مرکز کی جانب سے ادا کئے جانے بی جے پی کے دعووں کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ درست نہیں ہے ۔