سدا سیوا پیٹ۔ 9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدا سیواپیٹ میونسپل کا آج ایک خصوصی اجلاس رینیو ڈیویژنل آفیسر رویندر ریڈی کی صدارت میں منعقد کیا گیا، جس میں صدر نشین بلدیہ جیہ اماں کے خلاف اراکین بلدیہ تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے جملہ 26 میں سے 22 اراکین بلدیہ نے ہاتھ اٹھا کر عدم اعتماد پیش کیا۔ چار اراکین بلدیہ اس اجلاس سے غائب تھے۔ گزشتہ دنوں ان 22 اراکین بلدیہ نے سنگاریڈی کلکٹریٹ پہنچ کر ضلع ایڈیشنل کلکٹرکو ایک یادداشت پیش کی تھی کہ موجودہ صدر نشین بلدیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بہت جلد بلدی اجلاس منعقد کیا جائے اور اس میں صدر نشین کا انتخاب کیا جائے۔ صدر نشین بلدیہ جیہ اماں نے عدالت سے رجوع ہوئی تھی لیکن ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس کے بعد آج ضلع کلکٹر کے احکامات کے مطابق خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے اراکین بلدیہ کی ذریعہ ووٹنگ کی گئی جس میں 22 اراکین بلدیہ نے جیہ اماں کے خلاف اپنا عدم اعتماد پیش کیا۔ اس اجلاس میں جیہ اماں صدر نشین بلدیہ نے شرکت نہیں کی۔ آر ڈی او رویندریڈی نے بتایا کہ بہت جلد دوبارہ بلدی اجلاس منعقد کرتے ہوئے نئے صدر نشین کا انتخاب کیا جائے گا۔