سداشیونگر کا یونین بینک دلالوں کے مرکز میں تبدیل

   

Ferty9 Clinic

کمیشن ایجنٹس کا بول بالا ، عہدیداروں کی لاپرواہی کی شکایت ۔ کسانوں کا اظہار تشویش

یلاریڈی ۔26 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل سداشیونگر مستقر کا یونین بینک کمیشن ایجنٹوں کا مرکز بن گیا ہے ، بینک کو کسی بھی کام کی غرض سے جانے والے کھاتے دار کا کام جب تک نہیں ہوگا جب تک کے کھاتہ دار دلال کے ساتھ بینک کو نہ آئے ۔ کمیشن ایجنٹ کے ذریعہ بینک میں ہر کام ممکن ہے ۔ بینک عہدیدار اور کمیشن ایجنٹ کی ملی بھگت سے یہ کارستانی کھلے عام انجام دی جارہی ہے ۔ منڈل سدا شیونگر کے لنگم پلی علاقہ سے تعلق رکھنے والے کچھ کسانوں کے جعلی دستخطیں کرکے بینک سے تقریباً دو کروڑ روپئے سے زائد رقم غبن کردی گئی ہے اور دوسری طرف بینک میں درمیانی شخص کو جو فوقیت دی جارہی ہے وہ کسانوں کو نہ دیئے جانے کے الزامات ہیں۔ کمیشن ایجنٹ کے ساتھ بینک کا رُخ کرنے پر ہی بینک عہدیدار بات کررہے ہیں ۔ فصل پر لیا گیا قرض رینول کروانا بھی ہو تو بھی درمیانی شخص کا ہونا ضروری ہوگیا ہے ، اس بات کا کسانوں نے الزام لگایا ہے ۔ فصل قرض کو رینول کروانے بھی ایجنٹ کمیشن وصول کررہے ہیں ۔ ایک لاکھ روپئے کے قرض کو رینول کرنے کیلئے تین ہزار روپئے کمیشن لیا جارہا ہے ۔ کسانوں کا الزام ہے کہ بینک کے پاس کمیشن ایجنٹ حضرات کی ہی ہوا ہے ۔ سداشیونگر ، لنگم پلی ، امرلائیڈا ، دھرما راؤ پیٹ ، مرکل ، ترمن پلی کے مختلف مواضعات سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگ ایجنٹ کے طورپر کام کرتے ہوئے کسانوں سے ناجائز فائدہ حاصل کررہے ہیں ۔ ایسے میں مجبور کسان اپنے کام کیلئے درمیانی ایجنٹوں کا سہارا لتے ہوئے اپنے زرعی قرض کو رینول کروارہے ہیں ۔ کسانوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کچھ کسان ایجنٹوں کے ذریعہ بینک عہدیداروں کو کام نکالنے کی غرض سے دعوتوں کا اہتمام بھی کررہے ہیں اور اس تعلق سے کئی مرتبہ متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی بھی دلچسپی نہ لینے پر کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ کمیشن ایجنٹ و درمیانی شخص کے بنا ہی ان کو زرعی قرض فراہم کیا جائے ۔ اور قرض رینول کیا جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ چیک بک کیلئے درخواستیں دینے والوں کو دو ماہ تک بھی چیک بک نہ ملنے کا کھاتہ دار شکایت کررہے ہیں۔ بینک عہدیداروں کی لاپرواہی سے ہی چیک بکس آنے میں تاخیر کا بھی الزام ہے ۔ بینک عہدیداروں کی لاپرواہی سے بینک کھاتہ دار برہم ہیں۔ بینک بک کب آے گی دریافت کرنے پر بھی غیرذمہ دارانہ جواب دینے سے کسانوں اور کھاتہ داروں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ترمن پلی علاقہ کے کسان سدھاکر ریڈی نے کہا کہ عہدیداروں سے سوال کرنے پر وہ جھگڑے پر اُتر آرہے ہیں ۔ اس طرح منڈل سداشیونگر کا یونین بینک ایجنٹ حضرات کی کمیشن کا مرکز بن گیا ہے جہاں بنا ایجنٹ کے کوئی کام نہیں ہورہا ہے ۔ متعلقہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اس طرف توجہ مبذول کرے اور بینک عہدیداروں کے اس رویہ پر کارروائی کریں۔