سدرشن ٹی وی کیخلاف سائبر کرائمس حیدرآباد میں شکایت درج

   

حیدرآباد : حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے متنازعہ ٹی وی چیانل سدرشن ٹی وی کیخلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ شہر کے ایک سماجی کارکن ایس پی مقصود کی جانب سے سائبر کرائمس میں آج ایک شکایت درج کروائی گئی جس میں یہ کہا گیا کہ سدرشن ٹی وی کے ’’بن داس بول‘‘ پروگرام کے ٹیلی کاسٹ کے ذریعہ مسلم طبقہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس سے اقلیتی طبقہ کی دلآزاری ہوئی ہے ۔ درخواست گذار نے یہ بھی کہاکہ متنازعہ سدرشن ٹی وی نے ایک پروگرام ٹیلی کاسٹ کیا تھا جس میں یونین پبلک سرویس کمیشن (یو پی ایس سی) میں مسلمانوں کی شمولیت کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی تھی ۔ درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ سدرشن ٹی وی کی جانب سے دانستہ طور پر مسلم طبقہ کو بدنام کرنے اور مسلمانوں کی کردار کشی کی کوشش کی جارہی ہے ۔ درخواست گذار نے اس سلسلے میں کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن نے کہا کہ ایک درخواست موصول ہونے پر سدرشن ٹی وی کیخلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 505(1B) اور 505(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس کیس کو اترپردیش منتقل کیا جارہا ہے کیونکہ سدرشن ٹی وی کا دفتر نوئیڈا‘ اترپردیش میں ہے ۔