سدھاکر ریڈی و کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت کی راہ ہموار

   

کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کے بعد بیشتر قائدین کانگریس کے رابطے میں

حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے معطل شدہ قائدین سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور سابق وزیر جے کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت کیلئے کانگریس ہائی کمان نے منظوری دیدی ہے۔ جے کرشنا راؤ نے آج تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر وائس پریسیڈنٹ ملوروی سے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا ہے جس کے بعد ان کی کانگریس میں شمولیت کو یقینی قرار دیا جارہا ہے۔ دوسری جانب سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی نے کھمم میں اپنے حامیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کی ہے۔ بیشتر قائدین نے انہیں کانگریس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ چند قائدین نے ان کے ہر فیصلے کا احترام کرنے کا انہیں تیقن دیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ یہ دونوں قائدین کانگریس ہائی کمان کے کسی سینئر قائدین کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہونے کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ زیادہ تر پرینکا گاندھی یا راہول گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہونا چاہتے ہیں جس پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کانگریس ہائی کمان سے اس سلسلہ میں بات چیت کی ہے۔ اگر دہلی میں ملاقات کرنا ہے تو یہ دونوں قائدین اپنے حامیوں کے ساتھ دہلی پہنچ کر کانگریس میں شامل ہوں گے یا کھمم میں ایک جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہوں گے۔ واضح رہیکہ بی جے پی کے قائدین نے انہیں پارٹی میں شامل کرنے کی کافی کوشش کی تھی مگر وہ ناکام رہے کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کے بعد بہت سارے قائدین میں کانگریس میں شمولیت کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں اور کانگریس پارٹی قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ن