سدھو کے مشیر محمد مصطفی کے خلاف ایف آئی آر درج

   

Ferty9 Clinic

چندی گڑھ: پنجاب میں 20 فروری کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ اس دوران پنجاب کانگریس کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو کے قریبی محمد مصطفی اور ان کے مشیر کیخلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ محمد مصطفی نے مبینہ طور پر نازیبا زبان استعمال کی تھی۔ ان کے بیان کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے، مبینہ ویڈیو میں سابق ڈی جی پی اور سدھو کے قریبی ساتھی محمد مصطفی اپنی اہلیہ اور مالیرکوٹلا سے کانگریس امیدوار اور کابینہ وزیر رضیہ سلطانہ کے لیے مہم چلا رہے تھے۔اس دوران انہوں نے مبینہ طو ر پر اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔خیال رہے کہ محمد مصطفی 20 جنوری کو ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس دوران کہا تھا کہ اگر ان کے پروگرام کے قریب کسی اور کے پروگرام کی اجازت دی گئی تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔دراصل جہاں مصطفی تقریر کر رہے تھے، وہاں ایک اور پارٹی کا پروگرام تھا اور اس میں لوگوں کا ہجوم دیکھ کر مصطفی برہم ہوگئے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں ان کے کسی بھی اجتماع کی اجازت نہیں دوں گا، میں ایک قومی سپاہی ہوں، میں آر ایس ایس کا ایجنٹ نہیں ہوں جو خوف کے مارے گھر میں گھس جاؤں۔اس پر ان کے خلاف بی جے پی کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی۔