عازمین سے دُعائیں کرنے کی اپیل، مفتی بشیر احمد و دیگر کا خطاب، مختلف شخصیتوں کو تہنیت کی پیشکشی
سدی پیٹ 28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حج سوسائٹی سدی پیٹ کی جانب سے نمرا گارڈن سدی پیٹ میں عازمین حج کے لئے ایک روزہ تربیتی اجتماع و تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری عبدالسمیع صدر ضلع جمعیۃ علماء کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی صدارت محمد ضیاء الدین منظور صدر سوسائٹی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مفتی بشیر احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا مفتی نے عازمین حج کو مناسک کی تلقین کی اور اہم ضروری معلومات فراہم کرتے ہوئے قلب سے دُعا مانگنے کی تلقین کی۔ انھوں نے عازمین حج سے کہاکہ ایک حاجی کی دُعا سے 40 لوگوں کی مغفرت ہوتی ہے۔ حاجی اپنے لئے، دوست احباب، رشتہ داروں اور ہر مومن کی مغفرت کیلئے دُعا کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کو منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارننے کی ادا پسند ہے اور جنھیں کنکریاں مارنے کی سعادت حاصل ہوتی ہے اُن کی دُعا قبول ہوتی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ زم زم کو زیادہ سے زیادہ پی کر دُعا مانگیں اور کہاکہ حاجیوں کی واپسی کے دوران سفر میں دُعائیں بھی قبول ہوتی ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ حضور اقدس محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم حاجیوں کی مغفرت کے لئے دُعا فرماتے تھے۔ بعدازاں فاروق حسین سابق ایم ایل سی نے بتایا کہ مسلمانوں کو آپس میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنے اور مذہب کی سچی تبلیغ کو عام کرنے کے لئے کہا۔ سپریم باڈی ارکان عبدالقادر، زبیر حسین، ابراہیم سلیم، غوث محی الدین، زمیندار کمال الدین ایڈوکیٹ، زین الدین، احتشام الدین پاشاہ، خواجہ عبید علی صابری موظف منصف مجسٹریٹ، سپریم باڈی ارکان کے علاوہ تنظیم مساجد کے ارکان حج سوسائٹی کے اراکین کونسلرس نے فرداً فرداً شال پوشی سے تہنیت پیش کی اور مسلمانوں کی خوشحالی کیلئے دُعا کرنے کی خواہش کی اور تمام عازمین کو مبارکباد دی۔ جلسہ کی کارروائی محمد فخرالدین نے چلائی۔ سدی پیٹ میں عازمین حج کی تہنیتی تقریب میں عازمین حج کلیم الرحمن سینئر جرنلسٹ سیاست کی سپریم باڈی تنظیم المساجد حج سوسائٹی ،کانگریس بی آر ایس قائدین نے شال پوشی کرتے ہوئے حج روانگی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔