سدی پیٹ میں ویٹرنری ہاسپٹل کی تعمیر جلد مکمل کرنے ہریش راؤ کی ہدایت

   

عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس،انیمل شیڈز کے قیام کا جائزہ

حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ضلع کلکٹریٹ سدی پیٹ میں محکمہ انیمل ہسبینڈری کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ویٹرنری ہاسپٹل کی تعمیر جلد مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ حلقہ سدی پیٹ میں ویٹرنری ہاسپٹل قائم کیا جارہا ہے جو ریاست کیلئے ایک مثالی رہے گا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے کہا کہ تاحال ابراہیم پور، ارکوڈا ، نرمیٹا میں مویشیوں کے شیڈز کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔ 8 دیہاتوں میں مزید شیڈز کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے اختتام تک ویٹرنری ہاسپٹلس کیلئے ابراہیم پور، ارکوڈا، گوراگندی، مٹ پلی، نرمیٹا، پونالا، جکا پور کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے گھریلو صنعتوں کے فروغ کی تجویز ہے۔ اس سلسلہ میں ارکوڈا میں چکن اور مٹن کے آچار کا کاروبار، مٹ پلی میں دال، چنا گوڈاویلی میں ادرک کے پیسٹ اور انکا پور میں دیسی مرغیوں کے پکوانوں میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ان چھوٹی صنعتوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پولٹری، مدر یونٹ، پودے لگانے اور پاؤڈر مکسنگ سنٹرس کے قیام کے ذریعہ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنایا جائے گا۔ عہدیداروں نے وزیر فینانس کو بتایا کہ آٹھ دیہاتوں میں سنٹرس کے قیام کیلئے اراضی کا حصول نہیں ہوسکا۔ انہوں نے مقامی نمائندوں اور مویشیوں کی نشوونما کرنے والی ایجنسی کو ہدایت دی کہ اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کریں تاکہ تعمیری کام شروع کیا جاسکے۔ اجلاس میں ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں چندر شیکھر، بال سندرم کے علاوہ تمام زونس کے ایم پی ڈی اوزنے شرکت کی۔