سدی پیٹ میں پام آئیل فیکٹری کاعنقریب افتتاح

   

سدی پیٹ7 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی محکمہ زرعی مارکیٹنگ کے وزیر تمملا ناگیشور رائو نے ریاستی مارکیٹ چیئرمین جنگا راگھوا ریڈی کے ہمراہ ننگنورو منڈل کے نرمیٹا میں واقع آئل فیڈ آئل پام فیکٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیر موصوف تمملا ناگیشور رائو نے کہاکہ اس مہینے کے آخر میں یا آئندہ مہینے کے پہلے ہفتے میں چیف منسٹر کے ہاتھوں آئل پام فیکٹری کا افتتاح کرنے کے مقصد سے فیکٹری کا معائنہ کیا گیا ہے۔فیکٹری کے احاطے میں تین دن تک کسان میلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں آئل پام فصل سے متعلق اسٹالز قائم کیے جائیں گے۔ زرعی مشینری، جدید زرعی طریقوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ سائنسدانوں اور زرعی افسران کے ذریعے کسانوں میں بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔یہ فیکٹری 120 میٹرک ٹن تک پھلوں کو پروسیس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور شمالی تلنگانہ کے لیے ایک نعمت ثابت ہوگی۔ریاست کے تمام اضلاع میں پیدا ہونے والی آئل پام فصل کو یہاں پروسیس کرنے کی مکمل صلاحیت اس فیکٹری میں موجود ہے۔ریاستی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالتے ہی پہلے دن نرمیٹا آئل پام فیکٹری کی تعمیر سے متعلق دستخط کیے گئے تھے۔صرف ڈیڑھ سال میں فیکٹری کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔اس پروگرام میں محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر اور آئل فیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر یاسمین باشا، فیکٹری منیجر شری کانت، ضلع باغبانی افسر سْورنہ، ضلع زرعی افسر سوروپا رانی، ضلع مارکیٹنگ افسر ناگراجو، آئل فیڈ کے افسران اور دیگر افراد شریک تھے۔