حکام چوکس،خاندانوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے واقعات
حیدرآباد۔/30 مئی ، ( سیاست نیوز) سدی پیٹ اور جڑچرلہ میں کورونا کے نئے کیسس منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے چوکسی اختیار کرلی ۔ سدی پیٹ کے توگوٹہ منڈل میں کرونا کا ایک نیا پازیٹیو کیس منظر عام پر آیا۔ ممبئی سے واپس آئے نرسمہلو میں کورونا علامات پائی گئیں۔ اس منڈل میں تاحال کورونا پازیٹیو متاثرین کی تعداد 4 ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹرا سے واپس افراد سے یہ وائرس پھیل رہا ہے۔ ضلع حکام نے چوکسی اختیار کرکے متاثرین کو سرکاری دواخانہ منتقل کردیا اور علاقہ میں مکانات میں سروے کا آغاز کیا گیا تاکہ عوام کی صحت کا جائزہ لیا جاسکے۔ اسی دوران جڑچرلہ میں مہاراشٹرا سے واپس ایک شخص میں کورونا علامات پائی گئیں ۔ ضلع میں پہلے ہی کورونا کے 2 کیس منظر عام پر آچکے ہیں۔ مہاراشٹرا سے واپس شخص میں کورونا کی علامتیں کے بعد اسے آئسولیشن سنٹر میں رکھا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ شخص 24 مئی کو مہاراشٹرا سے جڑچرلہ واپس ہوا تھا۔ حکام نے جڑچرلہ کے مختلف علاقوں میں احتیاطی طور پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چوکسی اختیار کریں اور کورونا کی کسی بھی علامت کی صورت میں متاثرین کے بارے میں حکام کو اطلاع دی جائے۔