سراج کو چپل دو، براڈ کے بیان کے بعد مداحوں میں الجھن

   

لندن ۔3 اگست (ایجنسیز ) محمد سراج کو چپل دو۔ انگلینڈ کے سابق کرکٹر اسٹورٹ براڈ نے ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولرکے بارے میں یہ بات کہی ہے لیکن کیوں؟ یہ سوال مداحوں کے ذہنوں میں چل رہا ہے حالانکہ براڈ کا جملہ دراصل کچھ اور معنی بیان کرتا ہے ۔ براڈ کے ایسا کہنے کی وجہ کیا ہے؟ وہ کیا اظہار کرنا چاہتا ہے؟ اچھی بات یہ ہے کہ اسٹورٹ براڈ نے طنز کے لیے کچھ نہیں کہا۔ بلکہ سراج کی بہت تعریف کی ہے۔ کوئی چپل دینے کی بات کر کے سراج کی تعریف کیسے کر سکتا ہے؟ درحقیقت براڈ سراج کی کارکردگی اور ان کے کام کے بوجھ سے بہت متاثر ہے۔ انہوں نے چپل دینے کے جو بات کہی دراصل وہ آرام دینے کی وکالت کی ہے۔ محمد سراج کے بارے میں اسٹورٹ براڈ کا بیان جانیں گے تو چیزیں مزید واضح ہو جائیں گی۔ انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر نے ہندوستانی فاسٹ بولرکے بارے میں کہا کہ اس ٹسٹ سیریز میں جتنے اوورزکئے ہیں اس کے بعد وہ ایک طویل وقفے کے مستحق ہیں۔ اسے سوئمنگ سوٹ اور چپل دے کر چند ہفتوں کے لیے ساحل سمندر پر بھیج دیا جائے تاکہ وہ تھکاوٹ سے تازہ دم ہو سکے۔ محمد سراج وہ بولر ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں سب سے زیادہ اوورز کئے ہیں۔ وہ 1991-92 میں کپل دیو کے بعد دوسرے ہندوستانی فاسٹ بولرہیں جنہوں نے ایک سال کے اندر کھیلی گئی دو ٹسٹ سیریز میں 150 سے زیادہ اوورزکئے ہیں۔ اس سے سراج کی ٹیم کے لیے نہ صرف ذمہ داریاں ظاہر ہوتی ہیں بلکہ ان کے کام کا بوجھ بھی واضح ہوجاتا ہے۔ یادرہے کہ ہندوستان کے صف اول کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے بغیر سراج زیادہ سنجیدہ ہو گئے ہیں اور اپنی ذمہ داری کو انہوں نے بہت ہی عمدہ انداز میں پورا کیا ہے۔ سراج کی کارکردگی کی بات کریں تو وہ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وکٹیں لینے کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہیں۔ اوول ٹسٹ میں بمراہ کی غیر موجودگی کی وجہ سے سراج کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ سراج کی بولنگ کے اعداد و شمار دیکھ کر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ اس ذمہ داری کو کتنی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ جب سراج ٹسٹ میں بمراہ کے ساتھ کھیلتے ہیں تو ان کی بولنگ اوسط 35 ہوتی ہے لیکن اسی سراج کی بمراہ کے بغیر ٹسٹ میچوں میں بولنگ اوسط 25.74 ہے۔