حیدرآباد ، 16 ستمبر (راست ) خواجہ مینشن فنکشن ہال میں ایک شاندار اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایچ سی اے چارمینارکرکٹ کلب کے کوچ محمد محبوب احمد کو کرکٹ کوچنگ اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ان کی شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر وجیاسین ریڈی اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر محمد سراج شریک ہوئے، جنہوں نے اپنے کوچ محبوب احمد کی شال پوشی اورگلدستہ پیش کیا۔ کوچ محبوب احمد نے برسوں سے حیدرآباد کے کرکٹ حلقوں میں عزت و احترام حاصل کیا ہے۔ بطور کوچ اْنہوں نے نہ صرف نونوجوان کھلاڑیوں کو پہچانا بلکہ انہیں اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لیے تیارکیا جس میں محمد سراج بھی شامل ہیں ۔ تہنیتی تقریب کا موضوع تھا: ’’ایک چمپئن کا جشن ۔ ایک ستارہ جو لاکھوں کو متاثر کرتا ہے‘‘۔