گاندھی بھون اور اضلاع میں مختلف تقاریب، 29 جون کو ضلع کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا
حیدرآباد۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر تلنگانہ میں کانگریس کی جانب سے شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون کے علاوہ تمام اضلاع میں ضلع کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے حال ہی میں چین سے جھڑپ میں فوت ہونے والے 20 ہندوستانی فوجی جوانوں کی قربانی کی یاد تازہ کی گئی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں اس پروگرام کے انعقاد کی اپیل کی تھی۔ گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اس پروگرام کی قیادت کی۔ شہید جوانوں کی تصاویر اور قومی پرچم کے ساتھ خاموش رہ کر خراج پیش کیا گیا۔ کئی قائدین نے اپنی قیام گاہوں پر فوجی جوانوں کی یاد میں خاموشی منائی۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، رکن اسمبلی جگاریڈی اور پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے اپنی قیام گاہ پر ایک گھنٹے تک خاموش رہ کر شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کیا۔ گاندھی بھون کی تقریب میں ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر، نائب صدر ملو روی، صدر گریٹر حیدرآباد انجن کمار یادو، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو، جنرل سکریٹری مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ پروگرام کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ پڑوسی ممالک سے کشیدگی کے نتیجہ میں سرحدوں پر خطرہ بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ہندوستانی علاقے کو واپس لینے میں سفارتی سرگرمیاں ناکام ثابت ہوئیں اور حکومت کی لاپرواہی نے 20 فوجی جوانوں کی جان لے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سرحد کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والے کرنل سنتوش کا تعلق تلنگانہ سے ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ انہو ںنے کہا کہ 45 برسوں تک ہندوستان اور چین کی سرحد پر ایک جوان کی بھی موت واقع نہیں ہوئی لیکن بی جے پی حکومت نے 20 جوانوں کو قربان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بیرونی دوروں کے معاملے میں ریکارڈ قائم کیا ہے لیکن ان دوروں سے ہندوستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بیرونی دوروں کے باوجود ہندوستان کے مفادات کو خطرہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی افواج ہندوستان کے علاقے پر قابض ہیں اور مودی حکومت اپنے علاقے کو واپس لینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 28 جون کو سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا رائو کی جینتی تقاریب منائی جائیں گی۔ 29 جون کو صبح 10 تا 12 بجے دن تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف یہ احتجاج کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے ملک بھر میں احتجاج کی اپیل کی ہے۔