سردار محل کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات

   


حیدرآباد :۔ حیدرآباد کی قدیم ترین عمارت ، سردار محل کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے سلسلہ میں جلد ہی کاوشوں کا آغاز کیا جائے گا جو عرصہ دراز سے توجہ کا طالب ہے ۔ 121 سالہ قدیم محل کبھی محلوں کی فہرست میں بڑا اہم مقام رکھتا تھا ۔ اس میں اب جی ایچ ایم سی ساوتھ زون کا دفتر ہے ۔ اس محل پر اب کافی توجہ دی جارہی ہے اور اس کے مرمتی کام اور تزئین نو کے ساتھ اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی اروند کمار نے ہفتہ کو اس محل کا دورہ کیا اور بعد میں ٹوئیٹ کیا کہ چارمینار کے قریب موجود سردار محل کے مرمتی کام اور اس کی تزئین نو کے ساتھ بحالی کے پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے نامپلی سرائے کے ساتھ اس محل کی تزئین نو کے لیے منصوبے بنائے گئے ہیں ۔ اس سے حیدرآباد کی شان میں اور اضافہ ہوگا ۔ سردار محل وہ محل ہے جسے 1900 میں نظام ششم میر محبوب علی خاں نے یوروپی طرز تعمیر میں تعمیر کروایا تھا ۔ اسے ہیرٹیج کنزرویشن کمیٹی اور انٹیک کی جانب سے ایک ہیرٹیج بلڈنگ قرار دیا گیا ہے ۔ قبل ازیں اس محل کو ایک میوزیم میں تبدیل کرنے کی تجویز تھی تاکہ اس میں میاپس ، پینٹنگس ، تصاویر اور سابق ریاست حیدرآباد کے ہیرٹیج کو ڈسپلے کرتے ہوئے اس علاقہ کی تاریخ سے واقف کروانے کے علاوہ اس کا تحفظ کیا جائے ۔۔