سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں کل آئی پی ایس پروہبیشنرس کی پاسنگ آوٹ پریڈ، ڈائرکٹر اکیڈیمی امیت گر کا بیان

   

حیدرآباد : /25 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں 75 ویں بیاچ کے آئی پی ایس پروبیشنرس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کریں گے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائرکٹر نیشنل پولیس اکیڈیمی امیت گر نے کہا کہ اس مرتبہ 75 ویں آئی پی ایس بیاچ کو امرت کال یعنی پلاٹینیم بیاچ بھی کہا جاتا ہے کا انعقاد /27 اکٹوبر کو منعقد کیا جائے گا جس میں جملہ 175 ٹرینی عہدیدار شامل رہیں گے ۔ امیت گر نے کہا کہ 155 انڈین پولیس سرویس کے عہدیدار اس بیاچ میں شامل ہے جبکہ 20 پولیس عہدیدار پڑوسی ملک بھوٹان سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 45 ہفتوں کی کڑی ٹریننگ کے بعد آئی پی ایس بیاچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس بیاچ میں 34 خاتون عہدیدار بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر سال 2022 ء میں سیول سرویسیس امتحانات میں کامیاب ہونے کے بعد انڈین پولیس سرویس کیلئے منتخب ہونے والے عہدیداروں کی تربیت کا آغاز ہوا تھا جس میں 3 مرحلوں میں ٹریننگ دی گئی تھی ۔ ڈائرکٹر نیشنل پولیس اکیڈیمی نے کہا کہ پہلے مرحلہ کی ٹریننگ کے بعد زیرتربیت عہدیداروں کو 4 ہفتوں کیلئے اٹائچمینٹ کے تحت پارلیمنٹ ، نیم فوجی دستے اور فوج میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا گیا جبکہ 29 ہفتوں کی پریکٹیکل ٹریننگ بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈیمی میں تربیت حاصل کرنے والے پروبیشنر آئی پی ایس عہدیداروں کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے جس میں سائبر کرائمس اور دھوکہ دہی کے معاملے شامل ہیں ۔ 75 ویں آئی پی ایس بیاچ میں موجود عہدیداروں کی عمر کم از کم 28 سال ہے جنہیں سابق میں بھی کام کرنے کا تجربہ ہے ، 102 عہدیداروں کا انجنیئرنگ سے تعلق ہے جبکہ 17 کا آرٹس ، 12 کا سائینس اور 10 کامرس شامل ہیں ۔ اسی طرح اس بیاچ میں 9 ایم بی بی ایس ڈاکٹرس بھی موجود ہیں ۔ تربیت کے بعد 23 عہدیداروں کو مہاراشٹرا کیڈر ، 21 کو اترپردیش کیڈر اور 9 کو تلنگانہ کیڈر الاٹ کیا گیا ہے ۔