سرسلہ ضلعی پولیس آفسران اور عملے کیلئے سالانہ فائرنگ تربیت

   

گمبھی راو پیٹ، سرسلہ/13 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )راجننہ سرسلہ ضلع میں خدمات انجام دینے والے پولیس آفسران اور عملے کے لیے سالانہ موبلائزیشن کے تحت آج ضلع کے ساردھاپور بٹالین میں واقع فائرنگ رینج میں فائرنگ کی تربیت دی گئی اور فائرنگ پریکٹس کروائی گئی۔ اس سالانہ تربیت کے ایک حصے کے طور پر ضلع میں کام کرنے والے افسران اور عملے کو دی جانے والی فائرنگ کی تربیت کا مشاہدہ ضلعی ایس پی سرسلہ آکھیل مہاجن نے کیا۔ بعد ازاں ایس پی نے بھی فائرنگ پریکٹس میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے پولیس افسران اور عملے کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے ہتھیاروں کی مہارت بھی حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے تربیت انتہائی مفید ثابت ہوتی ہے۔ ایس پی نے تربیت میں سیکھے گئے نکات کو توجہ کے ساتھ اپنانے اور مناسب وقت پر امن و امان کی بحالی کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا۔ ایس پی نے فائرنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کی ستائش کی۔ اس تربیت میں ویملواڈہ اے ایس پی شیشادرینی ریڈی، ایڈیشنل ایس پی چندریا، اسپیشل برانچ ڈی ایس پی مرلی کرشنا، سی آئی، آر آئی، ایس آئی، آر ایس آئی اور دیگر عملے نے شرکت کی۔