مجلس بلدیہ کو اقلیتی کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد۔11 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے سرور نگر میں واقع درگاہ حضرت قادری قبلہؒ کے تحت اراضی کی حصاربندی کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ کمیشن کے اجلاس پر آج گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ریونیو کے عہدیدار حاضر ہوئے اور اس سلسلہ میں وضاحت کی۔ ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی ایل بی نگر وجئے بھاسکر، ڈپٹی تحصیلدار سرور نگر شریمتی وجئے لکشمی، ڈسٹرکٹ میناریٹی پیس ویلفیر آفیسر رنگاریڈی شریمتی رتنا کلیانی، ٹائون پلاننگ آفیسر سرورنگر پی آر پرکاش کے علاوہ درخواست گزار عثمان قادری کمیشن نے کمیشن کو موجودہ صورتحال سے واقف کروایا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ درگاہ حضرت قادری قبلہؒ سرورنگر کی حصاربندی کے سلسلہ میں 23 جنوری تک فیصلہ کرلیا جائے گا۔ صدرنشین کمیشن نے درگاہ کا دورہ کرتے ہوئے حصار بندی کو ہوئے نقصانات کا ایک سال قبل جائزہ لیا تھا۔ جی ایچ ایم سی سے نمائندگی کے باوجود آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس پر متعلقہ عہدیداروں کو طلب کیا گیا۔ عہدیداروں نے کمیشن کو یقین دلایا کہ 20 جنوری تک حصاربندی کا فیصلہ کرتے ہوئے درگاہ کی اراضی کا تحفظ کیا جائیگا۔ صدرنشین کمیشن نے اس معاملہ کی سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔