سرکاری اراضی کا تحفظ ، ریونیو عہدیداروں کی ذمہ داری

   

چیگنٹہ میں منڈل پریشد کا اجلاس ،رام لنگاریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی تخمینہ کمیٹی و رکن اسمبلی مسٹر رام لنگا ریڈی نے کہا کہ سرکاری اراضیات کا تحفظ کرنے کی مکمل ذمہ داری محکمہ ریونیو عہدیداروں و ملازمین کی ہوگی ۔ منڈل مستقر چیگنٹہ میں صدر منڈل پرجا پریشد مسٹر وی سرینواس کی زیر صدارت منعقدہ منڈل پرجا پریشد کے اجلاس میں مسٹر رام لنگا ریڈی کے علاوہ جوائنٹ کلکٹر مسٹر نگیش نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر متعدد سرپنچوں ایم پی ٹی سیز ارکان نے مواضعات میں پائے جانے والے کئی ایک مسائل سے اجلاس کو واقف کروایا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رام لنگا ریڈی رکن اسمبلی نے کہا کہ منڈل مستقر چیگنٹہ میںکئی ایک انتہائی اہمیت کی حامل و قیمتی اراضیات پائی جاتی ہیں اور ان اراضیات پر بعض افراد کی جانب سے غیر مجاز طور پر صنعتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ لہذا ان قیمتی اراضیات کے تحفظ کرنے کی مکمل ذمہ داری محکمہ ریونیو کے عہدیداروں و ملازمین پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہ سے متصل رہنے والے چیگنٹہ ، نارسنگی ، رامائیم پیٹ ، توپران ، منوہر آباد جیسے مقامات پر اراضیات کی بھاری قیمتوں کے باعث رئیل اسٹیٹ تاجروں سے کسان کئی ایک مشکل دہ حالات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ رکن اسمبلی نے کسانوں کے مسائل جن مواضعات میں بہت زیادہ ہیں ۔ ان مواضعات میں پھر ایکبار ’ ریونیو گراما سبھا ‘ کا انعقاد عمل میں لانے کی جوائنٹ کلکٹر کو ہدایات دیں ۔۔