سرکاری اراضی کی نشاندہی کرنے ضلع کلکٹر رنگاریڈی کو ہائی کورٹ کی ہدایت

   

عبداللہ پور میٹ میں 259 ایکر اراضی کا تنازعہ
حیدرآباد۔/11 ستمبر،( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کلکٹر رنگاریڈی کو ہدایت دی ہے کہ ترکیمجال میونسپلٹی کے عبداللہ پور میٹ منڈل کے سروے نمبر 383 کے تحت موجود 259 ایکر اراضی کے سرکاری اراضی قرار دینے کے اقدامات کریں۔ عدالت نے اندرون دو ماہ سرکاری اراضی کے طور پر نشاندہی کرنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ اراضی سروے میں خانگی اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے رپورٹ میں شامل نہ کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ سرکاری اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے ممنوعہ اراضی کی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ کوئی اس کا رجسٹریشن نہ کرسکے۔ تروور موضع کے سروے نمبر 383/2 میں پلاٹ نمبر 13 کے رجسٹریشن سے ونستھلی پورم سب رجسٹرار نے انکار کردیا جس کے خلاف مقامی شہری نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی۔ جسٹس شراون کمار نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کی حکام کو ہدایت دی۔ عدالت میں حاضر ہوتے ہوئے سب رجسٹرار نے رجسٹریشن سے انکار کی وجوہات سے واقف کرایا۔ ڈسٹرکٹ رجسٹرار نے 2017 میں علاقہ کی بعض اراضیات کو ممنوعہ فہرست سے خارج کرنے کیلئے ضلع کلکٹر کو مکتوب روانہ کیا تھا لیکن ریوینیو حکام کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ضلع کلکٹر رنگاریڈی نے عدالت میں پیش ہوتے ہوئے بتایا کہ سروے نمبر 383 کے تحت 259 ایکر سرکاری اراضی ہے جس کیلئے کوئی سب ڈیویژن سروے نمبر نہیں ہے۔ خانگی افراد نے 7 ایکر اراضی پر غیر قانونی قبضہ کرلیا ہے۔ حکام کی جانب سے سرکاری اراضی کی نشاندہی کا کام جاری ہے جو دو ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔ فریقین کی سماعت کے بعد جسٹس شراون کمار نے ضلع کلکٹر کو سرکاری اور خانگی اراضی کی نشاندہی کا عمل دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے سب رجسٹرار سے کہا کہ وہ رجسٹریشن کا عمل قانون کے مطابق انجام دیں۔1